امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کی سوشل میڈیا پر ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) جنریٹڈ ویڈیو وائرل ہے، جیو نیوز تصدیق کرچکا ہے کہ یہ فیک نیوز ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے درمیان اوول آفس میں سخت بحث ہوئی تھی، جس کے بعد زیلنسکی بغیر کسی معاہدے پر دستخط کیے وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
اس مجوزہ معاہدے کے تحت یوکرین کے معدنی وسائل میں امریکی شراکت داری کو حتمی شکل دی جانی تھی، لیکن شدید اختلافات کے باعث یہ معاہدہ منسوخ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، اس تنازعے کے بعد طے شدہ مشترکہ پریس کانفرنس کو بھی اچانک منسوخ کر دیا گیا، جس سے اس کشیدہ صورتحال کو مزید تقویت ملی۔
اس واقعے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ایک آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی)
جنریٹڈ ویڈیو گردش کرنے لگی، جس میں زیلنسکی کو مبینہ طور پر ٹرمپ پر جھپٹتے اور ان کے ہاتھ پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے نائب صدر جے ڈی وینس جوابی ردعمل دیتے ہیں، اور صورتحال ایک جسمانی جھڑپ میں بدل جاتی ہے۔
یہ جعلی ویڈیو مشہور انفلوئنسر سمیت کئی دیگر اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی اور تیزی سے وائرل ہوگئی تھی۔