عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ امریکی امداد رُکنے سے پولیو کے خاتمے کی مہم متاثر ہو سکتی ہے۔
پاکستان، افغانستان میں ڈبلیو ایچ او پولیو خاتمہ پروگرام کے ڈائریکٹر حامد جعفری کا کہنا ہے کہ اس سال پولیو خاتمہ پروگرام کےلیے امریکا سے 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر نہیں ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد میں کمی جاری رہی تو پولیو خاتمے کی کوششیں تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں، پولیو خاتمے کی کوششوں میں کمی سے معذور بچوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
حامد جعفری نے کہا کہ پولیو خاتمے میں جتنا زیادہ وقت لگے گا، اس کا خاتمہ اتنا ہی مہنگا پڑے گا، پولیو خاتمہ سرگرمیاں جاری رکھنے کےلیے دیگر امدادی ذرائع کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کو محفوظ بنایا جائے گا، امید ہے امریکا پولیو کے خلاف مہم کےلیے امداد بحال کر دے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں عالمی ادارہ صحت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔