لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصو صی،مانیٹرنگ سیل) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں 29جولائی کو کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کرپشن کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری ررکھنے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا ۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہترین تعلقات ضروری ہیں ،دونوں ممالک کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،اگر مسائل پیدا ہوتے ہیں تو دونوں کو نقصان ہوگا۔باڈر کرائسسز کے بعدبات چیت کا آغازمثبت اقدام ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی ، دونوں رہنمائوں نے ملکی صورتحال بالخصوص پانامہ لیکس اور کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک پر تبادلہ خیال کیا ۔