فلسطینیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اے آئی سے بنائی گئی متنازع ویڈیو ’ٹرمپ غزہ‘ کا جواب ’غزہ ہمارا ہے‘ سے دے دیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ’ٹرمپ غزہ‘ کے عنوان سے مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی متنازع ویڈیو شیئر کی تھی، جس کے بعد فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا۔
ٹرمپ کی ویڈیو میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والے غزہ میں ہر طرف سبزہ، فلک بوس عمارتیں اور بازار دکھائے گئے، اس کے علاوہ نائٹ کلبز، بیچ پارٹی اور ٹرمپ کا ایک دیو قامت سنہرا مجسمہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متنازع ویڈیو ’ٹرمپ غزہ‘ خوب وائرل ہوئی، جس سے فلسطینیوں بالخصوص غزہ کے رہائشیوں میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی۔
اب مذکورہ ویڈیو کا جواب دیتے ہوئے فلسطینیوں نے بتا دیا ہے کہ غزہ کس کا ہے۔
امریکی صدر کی متنازع ویڈیو کے جواب میں اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’صاحت انگلش‘ نامی اکاؤنٹ پر ایک اے آئی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس کا عنوان ’غزہ ہمارا ہے‘ ہے۔
نئی ویڈیو میں رواں سال کے آغاز میں اپنے گھروں کو لوٹنے والے فسطینیوں کے مناظر کو اے آئی کی صورت میں دکھایا گیا ہے، اس کے ساتھ غزہ میں فلسطینیوں کو خوش حال اور ترقی کی منازل طے کرتا دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں فلسطینی نوجوان ساحل پر روایتی فلسطینی لوک رقص دبکے پیش کر رہے ہیں، غزہ کی پٹی پر مساجد، مختلف عمارتیں بھی موجود ہیں۔
اس کے علاوہ ویڈیو میں بچوں نے ’مجھے غزہ سے محبت ہے‘ والے غبارے پکڑے ہوئے ہیں۔
جوابی ویڈیو کے ایک منظر میں ٹرمپ اور ایلون مسک کو پریشان اور ویڈیو کے اختتام پر ٹرمپ اور نیتن یاہو قیدی کے لباس میں جیل میں نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو کے پس منظر میں ایک گانا ہے جس کے بول کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ غزہ ہمارا ہے، ہمیشہ سے مضبوط، امید کی سر زمین، جہاں ہم رہیں گے، غزہ ہمارا ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کون اور کیسے، ہم غیر متزلزل ڈٹے رہیں گے، ہم یہیں ہیں، ہم رہیں گے، غزہ اس مشکل سے نکلے گا۔