• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولمبیا یونیورسٹی صیہونیت مخالف مظاہروں کے خلاف ٹرمپ کا پہلا ہدف بن گئی


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی کےلیے وفاقی فنڈنگ میں اربوں ڈالرز کی کٹوتی کی دھمکی دے دی۔

کولمبیا یونیورسٹی مبینہ صیہونیت مخالف مظاہروں کے خلاف ٹرمپ کا پہلا بڑا ہدف بن گئی۔ جامعہ کو صرف چلانے کےلیے 6.6 ارب ڈالر کے سالانہ اخراجات میں سے 25 فیصد سے زیادہ وفاقی فنڈز سے آتے ہیں۔

کولمبیا یونیورسٹی نے کہا ہے کہ وہ معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہے۔

دوسری جانب کولمبیا یونیورسٹی میں وہ طلبہ جو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف امریکی حکومت کی حمایت سے اسرائیلی نسل کشی کی مذمت کر رہے ہیں، کو  ایک خفیہ انضباطی ادارے آفس آف انسٹی ٹیوشنل ایکوئٹی (او آئی ای) کی تحقیقات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔

یہ ادارہ ان طلبہ کو نشانہ بنا رہا ہے جو فلسطینیوں کی حمایت میں سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کر رہے ہیں یا پھر "غیر مجاز" مظاہروں میں حصہ لے رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  یونیورسٹی طلبہ کو "تقریر پر مبنی امتیازی سلوک" کے الزامات کے تحت تحقیقات میں شامل کر رہی ہے اور غیر ترمیم شدہ ثبوت دیکھنے کےلیے طلبہ کو ایک نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ (این ڈی اے) پر دستخط کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوامی سطح پر ان الزامات اور عدالتی عمل پر بات چیت کو روکنا ہے۔

واضح رہے کہ آفس آف انسٹی ٹیوشنل ایکوئٹی کو گزشتہ موسم گرما میں اس وقت تشکیل دیا گیا تھا جب امریکا بھر کی یونیورسٹیوں میں غزہ کے حق میں اور اسرائیل مخالف مظاہرے جاری تھے۔ 

ان مظاہروں کو دبانے کےلیے یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس فورس کو طلب کیا، جس نے احتجاجی کیمپوں پر دھاوا بول کر سیکڑوں طلبہ اور اساتذہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید