• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں پر کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو آب دیدہ ہو گئے


کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آب دیدہ ہو گئے۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں کینیڈین وزیرِ اعظم اپنے 9 سالہ دورِ اقتدار کے آخری دنوں کے دوران پیش آنے والی پریشانیوں پر آب دیدہ نظر آئے۔

جسٹن ٹروڈو کینیڈین حکومت کی بچوں کی دیکھ بھال کی یومیہ 10 ڈالرز کی پالیسی کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر کینیڈین وزیرِ اعظم کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میں کینیڈین عوام کو مایوس نہیں ہونے دوں گا، میں نے اپنے 9 سالہ دور میں ہر ممکن کوشش کی کہ اس بات کو یقینی بناؤں کہ کینیڈین عوام کو سب سے پہلے رکھوں، میں یہاں اپنی حکومت کے آخری دنوں میں بھی آپ سب کو وہ بتانے کے لیے حاضر ہوں جو ہم نے اتنے عرصے میں آپ سب کے لیے کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی اسمگلنگ کے خدشات کے پیشِ نظر کینیڈا کی درآمدات پر 25 فیصد محصولات عائد کر چکی ہے جسے 2 اپریل تک مؤخر کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید