فلسطین کا جھنڈا اٹھائے بگ بین کے الزبتھ ٹاور پر چڑھنے والا ایک شخص 16 گھنٹے سے زائد عرصے کے بعد نیچے اتر آیا ہے۔
ننگے پاؤں اس شخص نے ہفتے کی صبح پیلس آف ویسٹ منسٹر میں ٹاور سے کئی میٹر اوپر ایک کنارے پر اپنا راستہ بنایا۔
ہنگامی عملہ اس کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے کرین میں چڑھ گیا اور مذکورہ شخص بالآخر نیچے آگیا۔
اس سے قبل اسے مذاکرات کاروں کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا تھا کہ وہ ’’اپنی شرائط‘‘ پر اترے گا۔
ہفتہ کی شام انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، اسے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر آپ میری طرف آتے ہیں تو آپ مجھے خطرے میں ڈال رہے ہیں اور میں اوپر چڑھ جاؤں گا۔
اس نے کہا تھا کہ وہ ’پولیس جبر اور ریاستی تشدد‘ کے خلاف احتجاج کر رہا ہے۔
میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے ویسٹ منسٹر برج کو بند کر دیا گیا اور پارلیمنٹ کے دوروں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔