فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما طاہر النونو کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے دوحہ میں گزشتہ ہفتے کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ملاقاتوں میں دُہری شہریت والے یرغمالیوں میں سے ایک کی رہائی پر بات چیت ہوئی۔
حماس رہنما نے کہا کہ فلسطینی عوام کے مفاد کےلیے ہم نے مثبت اور لچک آمیز رویہ رکھا، جنگ کے مکمل خاتمے کےلیے غزہ جنگ بندی معاہدے کے مراحل پر عملدرآمد کی بات ہوئی۔
طاہر النونو نے کہا کہ امریکی وفد کو بتادیا جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی رہائی کی مخالفت نہیں کرتے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے کےلیے کل سے دوحہ میں مذاکرات کا آغاز ہونے کی توقع ہے۔
قاہرہ میں جاری جنگ بندی مذاکرات کے دوران حماس نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے "مثبت اشارے" مل رہے ہیں۔
اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ پیر کے روز اپنے وفد کو قطر کے دارالحکومت دوحہ بھیجے گا تاکہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
دوسری جانب غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ایندھن کی شدید قلت کے باعث 6 بیکریاں بند ہوگئی ہیں جبکہ اسرائیل نے پٹی میں تمام انسانی امداد کی ترسیل پر مسلسل پابندی برقرار رکھی ہے۔