فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ بند کرانے کیلئے جنگ مخالف تنظیموں کے زیراہتمام سینٹرل لندن میں بڑا احتجاج کیا گیا۔
گرین پارک اسٹیشن سے شروع ہونے والے احتجاج میں ہزاروں افراد شریک تھے جو تمام راستے اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔
احتجاج کے شرکا مارچ کرتے ہوئے پکاڈلی سرکس سے ہوتے ہوئے ڈاؤئنگ اسٹریٹ کے سامنے پہنچے، جہاں مقررین نے شرکا سے خطاب کیا۔
احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری قتل عام کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور برطانیہ اسرائیل کو جنگی ہتھیاروں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، برطانیہ سے حاصل ہتھیاروں کو نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کیلئے استعمال کررہا ہے، روس، یوکرین جنگ بندی کی طرح کی کوششیں، مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کیلئے بھی کی جائیں۔
بعض افراد کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں 46 ہزار سے زائد افراد کے قتل عام کی ذمہ دادی دنیا پر بھی عائد ہوتی ہے جو خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اسرائیل کے حامی گروپ اسٹاپ دا ہیٹ نے بھی پکاڈلی سرکس کے قریب احتجاج کیا، سینٹرل لندن میں امن کے قیام کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
پولیس نے دونوں جانب کے مظاہرین کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کیلئے پبلک آرڈر ایکٹ کا نفاذ کیا تھا اور تنبیہ کی تھی کہ طے شدہ روٹ سے ہٹنے پر والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔