• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلبرداشتہ وسیم کا پروفیشنل باکسنگ میں جانا درست فیصلہ ہے، اقبال حسین

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے کہا ہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن ہر سطح پر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی محمد وسیم کی رہنمائی کرے گا، اولمپک کیلئے ہمارے پاس وسیم سے بہتر چوائس نہیں تھی لیکن مناسب ٹریننگ کا بندوبست نہ ہونے سے وہ پروفیشنل باکسنگ کی جانب  چلاگیا جہاں اس نے پاکستان باکسنگ کی نئی تاریخ رقم کردی، آئبا کی آئین میں تبدیلی سے پاکستانی باکسنگ کو فائدہ ہوگا، جنگ سے بات چیت میں اقبال حسین کا کہنا تھا کہ جب سے میں نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی اہم ذمہ داری سنبھالی ہے محمد وسیم کو ہر ہر طرح سپورٹ کیا اور اس نے بھی بھی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور دیگر ایونٹس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا لیکن اولمپک جس میں شرکت ہر پاکستان کا خواب ہوتا ہے، اس میں شرکت کیلئے حکومتی اداروں کو لکھ لکھ کر تھک گیا لیکن کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی اور باکسروں کیلئے غیرملکی ملکی ٹریننگ اور غیرملکی کوچ کی تعیناتی نہیں ہوسکی جس سے دل برداشتہ ہوکر محمد وسیم نے ایمچر باکسنگ کو خیرباد کہہ کر پروفیشنل کی راہ پکڑی، میں سمجھتا ہوں یہ ان کا درست فیصلہ تھا اس نے پروفیشنل میں جو کارنامہ انجام دیا وہ قابل فخر ہے، اس سے پہلے پاکستانی نژاد انگلینڈ کے عامر خان نے بھی اس چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں اقبال حسین کا کہنا تھاکہ آئبا کی جانب سے گزشتہ جون میں آئین کی شق 13 جے کو خارج کرنے سے اب پروفیشنل باکسر اپنے ملک کی جانب سے ایمچر باکسنگ میں بھی حصہ لے سکے گا۔ آئبا کے اس فیصلے سے ہمیں بھی بہت فائدہ ہوگا اور کوشش ہوگی کہ اگلے سال مارچ میں ہونے والے اسلامک گیمز میں محمد وسیم کو پاکستان کی جانب سے کھلائیں گے تاکہ ہمارا گولڈ میڈل کنفرم ہوسکے، حکومت سے اسلامک گیمز کیلئے کیمپ لگانے کی درخواست کردی ہے، کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا تو اس کا فائدہ ہوگا اور باکسرز باسانی اس میں شرکت کرسکیں گے۔ ان گیمز میں حصہ لینے سے اولمپک میں کوالیفائی نہ کرنے سے قومی باکسرز میں جو مایوسی پھیلی  تھی اس کا بھی خاتمہ ہوگا۔
تازہ ترین