سی ٹی ڈی کراچی نے صدر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے اہم کارکن کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق ملزم خلیل الرحمٰن کا تعلق کالعدم نُور ولی اللّٰہ گروپ سے ہے، ملزم نے دسمبر 2024 میں قائداعظم کے مزار اور مختلف علاقوں کی ویڈیوز بنائیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے وہ ویڈیوز افغانستان بھیجیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں اور ملزم نے سوشل میڈیا پر دھمکی دی تھی کہ ہم کراچی آگئے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزم افغانستان میں دہشت گردی کی ٹریننگ بھی حاصل کرچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو انٹیلیجنس، ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزم ڈیفنس میں فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کی وال چاکنگ میں بھی ملوث ہے۔