• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے پر ہنگامے پھوٹ پڑے

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے پر ہنگامے  پھوٹ پڑے۔

انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے ناگپور میں آج اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد دو گروہوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں، جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تصادم وسطی ناگپور کے علاقے محل میں اس وقت شروع  ہوا جب وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کےلیے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ شروع کردیا گیا اور مشتعل ہجوم نے متعدد گاڑیاں بھی جلادیں، جلائی جانیوالی گاڑیوں میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

ناگپور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیے جانے پر پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ اس دوران متعدد اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہندوؤں کی جانب سے اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کی حمایت کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سابقہ حکومت نے مغل بادشاہ کی قبر کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کرکے اسے محفوظ یادگار کا درجہ دے دیا، لہٰذا قبر کو ہٹانے کیلئے قانون کا سہارا لینا پڑے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید