وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف ملیر کینٹ میں کارروائی کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کے عملے نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث منظم گروہ کے 2 ملزمان کو ملیر کینٹ سے گرفتار کر لیا۔
حکّام کے مطابق گرفتار ملزمان نور الحق سومرو اور عبدالرشید کراچی میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث ہیں۔
حکّام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 12 ہزار امریکی ڈالرز، 200 سعودی ریال اور 20 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔
حکّام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے برآمد موبائل فون سے حوالہ ہنڈی کے بارے میں شواہد بھی برامد کر لیے گئے ہیں۔
حکّام نے بتایا ہے کہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
حکّام کے مطابق برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے ملزمان ایف آئی اے کو مطمئن نہ کر سکے جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔