کراچی (اسد ابن حسن) ایف أئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ اسلام أباد کی ایک بڑی کاروائی میں ایک ہی دن میں پانچ مقدمات اور 25 گرفتاریاں کر لی گئیں۔ مذکورہ حساس تحقیقات سی ٹی ڈبلیو کے ڈائریکٹر ہمایوں سندھو اور ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نزیر کی سربراہی میں گزشتہ برس شروع کی گئیں۔ گزشتہ روز سرکل کے انسپیکٹر احسان علی نے پانچ مقدمات درج کیے اور 25افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں ٹریول ایجنٹس بھی شامل ہیں جنہوں نے بھاری معاوضوں کے عوض دوسرے اشخاص کے پاسپورٹوں پر گرفتار ملزمان کے تصاویر والے پاسپورٹ کے صفحے تبدیل کیے یا دیگر جعلسازیاں کیں جس کے بعد ملزمان نے یورپی یونین سیٹلمنٹ اسکیم (EUSS) کے تحت انڈیفینٹ لیو ٹو ریمین ان یونائٹڈ کنگڈم (ILR)، ایک قسم کی سیاسی پناہ کے لیے اپلائی کیا جس پر برطانوی امیگریشن حکام نے جعلسازی پکڑ لی اور ایف أئی اے کو أگاہ کیا۔ مقدمہ نمبر 2 میں نو، مقدمہ نمبر 3 میں أٹھ، مقدمہ نمبر 4 میں دو، مقدمہ نمبر 5 میں تین اور مقدمہ نمبر 6میں تین افراد گرفتار کیے گئے ہین۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔