دبئی میں ہر سال ماہِ رمضان میں وسیع پیمانے پر افطار کی تقسیم ہوتی دیکھ کر وہاں آئے ہوئے بہت سارے غیر مسلم اسلام قبول کرنے لگے۔
ملاوی سے تعلق رکھنے والے افریقی نژاد شیخ محمد عزیز نے ’جیو نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں اپنی ٹیم کے ساتھ دبئی کے 13 مختلف مقامات پر افطار کے لیے روزانہ 33 ہزار افطار پیکٹ تقسیم کرتا ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ افطار کی تقسیم کے دوران ہم کسی سے ان کے مذہب یا قومیت کے بارے میں نہیں پوچھتے بلکہ ہر کسی کو ’اللّٰہ کا مہمان‘ سمجھ کر بلا تفریق کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
شیخ محمد عزیز نے بتایا کہ اسلام میں سخاوت اور بے لوثی کے اس جذبے سے متاثر ہوکر ہر سال ماہ رمضان میں 10 سے زائد غیر مسلم اسلام قبول کرتے ہیں۔
شیخ عزیز اور ان کے بھائی عمران عزیز نے 2015ء میں غریبوں اور مزدوروں کے لیے افطار کی تقسیم کا آغاز کیا تھا جو آہستہ آہستہ ایک وسیع رمضان مہم ’ہیپی ہیپی رمضان‘ میں تبدیل ہو گئی۔
اس مہم کے تحت دبئی کے مختلف حصّوں بشمول برشا، دبئی انڈسٹریل ایریا، اور سونا پور میں افطار تقسیم کی جاتی ہے، یورپ اور برطانیہ کے کئی غیر مسلم افراد سمیت سینکڑوں رضاکار اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے ہیں۔
حکومتِ دبئی نے اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ماہِ مقدس کے دوران ہر روز ہزاروں مستحق افراد کو کھانا ملے، ’ہیپی ہیپی رمضان‘ مہم کو وسیع پیمانے پر چلانے کی خصوصی اجازت دی ہے۔