• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو سولر صارفین کو بدنام کرنے کے بجائے حقیقی مسائل حل کرنے چاہیے، مفتاح اسماعیل

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کو سولرصارفین کو بدنام کرنے کے بجائے حقیقی مسائل حل کرنے چاہئیں، جو مہنگی ہونے کے باعث گرڈ سے کم بجلی خرید رہے ہیں، وہ گرڈ پر بوجھ نہیں ڈال رہے۔

اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ چار ماہ پہلے اویس لغاری کے باس کہہ رہے تھے کہ "سولر ہی اصل حل ہے"، پھر اب کیا بدل گیا؟ کیا سورج کی روشنی کم ہوگئی یا مسلم لیگ ن ایک اور یوٹرن لے رہی ہے؟

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میرے دوست اویس خان لغاری کہتے ہیں میں عوام کو گمراہ کر رہا ہوں، اویس لغاری کے مطابق میں غلط اعداد و شمار استعمال کر رہا ہوں، وہ یہ نہیں بتاتے کہ کس طرح گمراہ کر رہا ہوں اور کون سے غلط اعداد و شمار دے رہا ہوں۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ سولر صارفین کی وجہ سے 150 ارب روپے کا بوجھ صرف غلط تصور اور من گھڑت بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سولرصارفین کو 27 روپے فی یونٹ مل رہے تھے، اب انہیں 22.88 روپے فی یونٹ ملیں گے، نئے سولر صارفین کو 8.47 روپے فی یونٹ ملے گا، انہیں 10روپے فی یونٹ بھی نہیں دیا جائے گا، گراس میٹرنگ کی وجہ سے تمام صارفین کو ان تمام یونٹس پرسیلز ٹیکس ادا کرنا ہوگا، اس میں ڈسکوز سے خریدے گئے، بیچے گئے یونٹس شامل ہونگے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ صارف 1300 یونٹس ڈسکو سے خریدتا اور 300 یونٹس بیچتا، تو اسے 1000 یونٹس پر سیلز ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا، اب صارف کو 1600 یونٹس پر سیلز ٹیکس ادا کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید