• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزراء کی تنخواہ 2 لاکھ سے بڑھ کر 5 لاکھ سے زائد ہوگئی، کابینہ نے منظوری دے دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی کاببینہ نے وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی، نئے بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور مشیر کی تنخواہ 5 لاکھ 19ہزار ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیروں، وزرائے مملکت، مشیروں کی تنخواہوں میں 188فیصد تک اضافہ ہوا ہے، اس سے قبل وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ اور وزیر مملکت کی ایک لاکھ 80 ہزار تھی۔

 وفاقی وزیر کی تنخواہ میں 159 فیصد اضافہ منظور کیا گیا، جبکہ
وزیر مملکت اور مشیر برائے وزیراعظم کی تنخواہوں میں بھی188 فیصد تک اضافہ منظور کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی۔

خیال رہے کہ 2 ماہ قبل اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکریٹری کے برابر کرنے کے معاملے پر فنانس کمیٹی نے ایم این ایز اور سینیٹرز کی تنخواہ و مراعات میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

 اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے متفقہ منظوری دی تھی، ایم این اے اور سینیٹر کی تنخواہ و مراعات 5 لاکھ 19 ہزار مقرر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

تنخواہوں اور مراعات کے معاملے پر پیپلز پارٹی، ن لیگ سمیت دیگر جماعتیں ہم آواز ہیں، پی ٹی آئی کے 67 اراکین نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا تحریری مطالبہ کیا گیا تھا۔

تمام کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکریٹری کی تنخواہ اور الاؤنسز 5 لاکھ 19 ہزار ماہانہ ہیں، اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکریٹری کے مساوی حاصل ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید