معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے متعلق غلط، گمراہ کُن اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والوں کو خبردار کر دیا ہے۔
انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند نہیں کی گئیں تو پیکا ایکٹ 2016ء کے تحت ہر ایک کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاکرام پر اداکارہ نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے باضابطہ وارننگ جاری کی ہے۔
انہوں نے انسٹا اسٹوری میں قانونی کارروائی کا نوٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میرے بارے میں غلط، گمراہ کن، یا غیر تصدیق شدہ معلومات پوسٹ کرنے والے تمام افراد، پیجز اور اداروں کے لیے یہ ایک باضابطہ وارننگ ہے، اگر زیرٍ بحث پوسٹس کو فوری طور پر نہ ہٹایا گیا اور اس نوٹس کے 24 گھنٹے کے اندر اندر عوامی معافی نامہ جاری نہ کیا گیا تو میں ان ہتک آمیز پوسٹس کے ذمے دار تمام فریقین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر مجبور ہو جاؤں گی۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اس طرح کی غلط معلومات کو مزید پھیلانے کے نتیجے میں پیکا ایکٹ 2016ء کے تحت قانونی کارروائی سمیت ہتک عزت کا باقاعدہ مقدمہ دائر کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ تمام ممکنہ قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نازش جہانگیر کے خلاف امانت میں خیانت، فراڈ اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
عدالت نے پولیس کو اداکارہ کو گرفتار کر کے 22 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تاہم اداکارہ نے اپنی انسٹاپوسٹ میں اپنے خلاف جاری ہونے والے وارنٹِ گرفتاری کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی یہ واضح کیا ہے کہ ان سے متعلق کس طرح کی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں؟