بھارتی شہر پونے میں بیوی پر شک کی بناء پر باپ نے 3 سالہ بیٹے کو گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے چندن نگر علاقے میں یہ دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 38 سالہ شخص نے شک کی بناء پر اپنے 3 سالہ بیٹے کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق مدھو ٹیکیٹی نامی شخص کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی سروپا کسی اور کے ساتھ تعلقات میں ملوث ہے، دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، جس کے بعد مدھو بیٹے سمیت گھر سے نکل گیا تھا، وہ بار میں کچھ وقت گزارنے اور سپر مارکیٹ میں گھومنے کے بعد آخر کار ایک جنگلاتی علاقے میں پہنچ گیا تھا۔
جب اسے گئے ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے اور مدھو اور اس کا بیٹا واپس نہ آئے تو سروپا کو تشویش لاحق ہوئی۔ رات دیر گئے اس نے چندن نگر پولیس اسٹیشن میں جا کر اپنے شوہر اور بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے معاملے کی چھان بین کی۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مدھو دوپہر 2:30 بجے اپنے بیٹے کے ساتھ موجود تھا، لیکن شام 5:00 بجے جب وہ کپڑے خرید رہا تھا تو اکیلا تھا۔ اس کے موبائل فون کی لوکیشن ٹریس کر کے پولیس نے اسے ایک لاج سے ڈھونڈ نکالا، جہاں وہ نشے کی حالت میں تھا۔
جب ہوش میں آنے کے بعد مدھو سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اپنے بیٹے کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے اس کی نشاندہی پر مذکورہ مقام پر جا کر معصوم بچے کی لاش برآمد کی، جس کا گلا کاٹا گیا تھا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔