پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر اظفر علی شوبز انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں، وہ کئی مشہور شوز کے پیچھے بطور تخلیقی دماغ خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور کئی نئے چہروں کو انڈسٹری میں متعارف کروا چکے ہیں۔
ان کی کامیڈی ٹائمنگ اور مانی کے ساتھ جوڑی کو آج بھی ایک یادگار جوڑی سمجھا جاتا ہے۔
اظفر علی کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی، جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے، بعد ازاں انہوں نے مشہور اداکارہ نوین وقار سے دوسری شادی کی، تاہم یہ رشتہ بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور طلاق پر ختم ہوا۔
اظفر علی نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل دور پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب میری پہلی شادی ختم ہوئی اور میں نے نوین وقار سے دوسری شادی کی تو مجھے شدید تنقید اور بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ نوین وقار اس وقت ایک بہت بڑی اسٹار تھیں، خاص طور پر ڈرامہ ہم سفر کی کامیابی کے بعد، ہماری شادی کو شدید ردعمل ملا اور یہ چیز میرے لیے بہت تکلیف دہ رہی۔
اظفر علی نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد مجھے میڈیا اور انڈسٹری کی جانب سے ناپسندیدگی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے غیر رسمی طور پر میڈیا سے دور کر دیا گیا، ناصرف مجھے کام کے مواقع کم ملنے لگے بلکہ لوگ مجھ سے ملنے سے بھی گریز کرنے لگے، کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو میرے ساتھ ہمدردی جتانے آ جاتے، لیکن مجھے ترس کھانے والا رویہ بالکل پسند نہیں تھا۔
اظفر علی نے کہا کہ میرا کیریئر ایک زوال کی طرف چلا گیا اور میں اس دور میں بہت مشکل وقت سے گزرا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت میرے لیے بہت سخت تھا، میں پروفیشنل طور پر مشکلات میں تھا، ذاتی طور پر بھی دباؤ کا شکار تھا اور معاشرتی دباؤ الگ تھا۔
اظفر علی نے کہا کہ میں اب اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا رہا ہوں اور مزید کام کی طرف واپس آ رہا ہوں، میں ہدایت کاری، پروڈکشن اور اداکاری کے منصوبوں پر کام کر رہا ہوں اور اس مشکل دور سے نکلنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شخصی زندگی کے فیصلے ہر انسان کا ذاتی معاملہ ہوتے ہیں اور اس پر غیر ضروری تنقید یا اس کا بائیکاٹ نہیں ہونا چاہیے۔