وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا ہے، چینی کی ایکسپورٹ کے بارے میں خبریں حقائق سے متصادم ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت یقین دلاتی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہو گا، ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے، مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے چینی کی وافر مقدار دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا غذائی تحفظ یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، چینی کی قیمت میں مسئلہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی 153 روپے فی کلو دستیاب ہے جس سے ظاہر ہے کہ مارکیٹ میں فراہمی برقرار ہے، حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا جائزہ لے رہی ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ گزشتہ سال چینی کا اسٹاک 76 لاکھ ٹن تھا اور ملکی ضروریات 63 لاکھ ٹن تک محدود رہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسٹاک تقریباً 15 لاکھ ٹن میں تقسیم ہوتا ہے، جس میں سے آدھی سے زیادہ کو برآمد کر دیا گیا، اس سال گنے کے رقبے میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ موسمی تبدیلیوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے پیداوار میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، اسٹاک کی موجودگی سے واضح ہے کہ چینی کی سپلائی میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔