بلوچستان کے شمالی بالائی سرحدی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، بالائی سرحدی علاقوں میں گہرے بادل آرہے ہیں، افغانستان میں موجود مغربی سسٹم بلوچستان کی جانب تیزی سےبڑھ رہا ہے۔
یہ غیر معمولی موسمیاتی سسٹم آج رات تک بلوچستان کے شمال سرحدی علاقے متاثر کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے جبکہ اگلے 48 گھنٹوں میں یہی موسمیاتی سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں تک آ سکتا ہے۔
صوبے میں منگل کی شام سے سردیاں پھر سے لوٹ آنے کا امکان ہے، جبکہ بدھ سے شمال بالائی بلوچستان میں درجۂ حرارت منفی 3 سے 5 درجے تک گر سکتا ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ افغانستان میں موجود غیر معمولی موسمیاتی سسٹم میں مسلسل اتار چڑھاؤ آ رہا ہے، جس کے باعث بلوچستان کے شمالی بالائی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔