قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہین آفریدی اور شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے پاکستان کی سیریز میں شکست کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایکس پغام میں لکھا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے شاہین اور شاداب کو آرام دینا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ کے لیے بینچ پر موجود کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے، شاہین اور شاداب کو آرام دیا جا سکتا ہے، ان کی جگہ باقی کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن پر تنقید کی تھی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی مشکل کنڈیشن میں ان پلیئِرز کو بھیج دیا گیا جن کا ڈومیسٹک کا تجربہ بھی کم تھا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے ٹیم کے ساتھ ساتھ چیئرمین کی پوزیشن پر بھی تسلسل کا ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو کھیلے جانے والے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔