• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور نے خلاء میں 9 ماہ کے دوران کیا کھایا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

خلاء باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کو خلاء میں بھیجنے سے قبل روزانہ کھانے کے الاؤنس کی منصوبہ بندی تقریباً 3.8 پاؤنڈ فی دن کی گئی تھی، مشن کے طویل ہونے کی صورت میں احتیاطاً اضافی سامان ساتھ رکھا گیا تھا۔

خلاء بازوں کے لیے خلاء میں کئی ماہ گزارنا آسان نہیں ہوتا ہے، انہیں اس دوران کئی جسمانی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں پٹھوں اور ہڈیوں کو پہنچنے والے نقصان، جسم میں سیال کی تبدیلی، گردے کی پتھری، بینائی کے کمزور ہو جانے اور کشش ثقل کی وجہ سے جسم کو متوازن رکھنے میں دشواری شامل ہے۔

ناسا اپنے خلاء بازوں کو مشن پر بھیجنے سے قبل ان تمام چیلنجز کی حتی الامکان تیاری کرتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بوئنگ کے اسٹار لائنر کیپسول میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد ناسا کے خلاء بازوں کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ایک ہفتے کا قیام 9 ماہ میں تبدیل ہو گیا تھا۔

خلاء باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور گزشتہ منگل 18 مارچ کو امریکی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) میں 9 ماہ گزارنے کے بعد SpaceX کیپسول کے ذریعے بحفاظت زمین پر واپس پہنچے ہیں۔

اسپیس ایکس کا ڈریگن کرافٹ کیپسول فلوریڈا کے ساحل کے قریب اتارا گیا تھا۔

یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ خلاء بازوں نے 9 ماہ کے دورانیے میں زندہ رہنے کے لیے کیا کھایا پیا ہو گا؟

’نیویارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق خلاء باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور نے آئی ایس ایس پر اپنی بنیادی ضرورت بھوک مٹانے کے لیے پیزا، روسٹ چکن اور جھینگا کاک ٹیل کھایا۔

بوئنگ اسٹار لائنر مشن سے متعلق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس دوران عملے کو صرف غذائیت سے بھرپور خوراک دی جاتی ہے۔

دوسری جانب ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق خلاء بازوں نے ناشتے میں پاؤڈر دودھ، پیزا، روسٹ چکن، جھینگا کاک ٹیل اور ٹونا مچھلی جیسی خصوصی ڈشز کھائیں۔

اس مشن کے دوران ناسا کی میڈیکل ٹیم نے خلاء بازوں کی کیلوریز پر خاص توجہ دی۔

9 ستمبر کو ناسا کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں ولمور اور ولیمز کو رات کا کھانا کھاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اس کے علاوہ خلائی جہاز میں رکھا ہوا تمام گوشت اور انڈے زمین پر ہی پکائے جاتے ہیں جس کے بعد انہیں خلاء میں صرف گرم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سوپ، منجمد خشک پھل اور سبزیاں، اسٹو اور کیسرول کو پانی میں ری ہائیڈریٹ کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ خلاء میں واقع بین الاقوامی خلائی اسٹیشن زمین سے تقریباً 254 میل (409 کلومیٹر) دور ہے جو گزشتہ 25 سال سے دنیا بھر کے خلاء بازوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

 امریکا اور روس سائنسی تعاون کے ذریعے اس بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا انتظام دیکھتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید