8 دنوں کے لیے خلا میں جانے والے 2 امریکی خلا باز بوچ ولمور اور سنیتا ولیمز اب 8 ماہ خلا میں ہی رہیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا کا کہنا ہے کہ بوئنگ اسٹار لائنز کی مرمت نہ ہوسکی اس لیے اب خلا بازوں کو اسپیس ایکس کے کریو ڈراگون کے ذریعے 8 ماہ بعد واپس لایا جائے گا۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا کہنا ہے کہ خلا باز 58 سالہ سنیتا ولیمز اور 61 سالہ بیری بوچ ولمور نے جس بوئنگ اسٹار لائنر خلائی جہاز سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا سفر کیا تھا اب وہ خالی لوٹے گا۔
یہ اپنے طرز کی ایک تجرباتی فلائٹ تھی جس میں پہلی مرتبہ انسانوں کو بھیجا گیا تھا، یہ جانچنے کے لیے کہ ایک سے زائد بار استعمال کرنے پر اس راکٹ نما طیارے کی کارکردگی کیسی رہتی ہے۔
تاہم اسٹار لائنر کو ہیلیم لیک کے بعد پروپلشن سسٹم میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
انہیں ابتداً 13 جون کو زمین پر واپس آنا تھا لیکن اسٹار لائنر میں خرابی کے باعث اس کی واپسی تاخیر کا شکار ہوئی اور اب انہیں فروری 2025ء میں واپس لایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس کا یہ مشن اگست کے وسط میں روانہ ہونا تھا مگر اب اسے 24 ستمبر کے بعد بھیجا جائے گا۔