• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ارب پتی کا بیٹے کو اپنی کمپنی میں ملازمت دینے سے انکار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی ارب پتی جارج پیریز نے اپنی رئیل اسٹیٹ کمپنی میں بیٹے جون پال کو ملازمت دینے سے انکار کر دیا۔

جارج پیریز نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں نے اپنی کمپنی میں اپنے بیٹے کو ملازمت دینے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ میں بیٹے کو اپنے 60 بلین ڈالرز کے اثاثے سنبھالنے کے لیے دے کر اپنی ساکھ کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے غیر روایتی انداز اپنایا اور جون پال کو اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لیے ایک قریبی دوست اور کاروباری پارٹنر کے پاس کام کرنے کے لیے بھیجا جس کے نتیجے میں میرے بیٹے نے میامی یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد خود نیویارک جا کر اپنی صلاحتیں منوانے کا فیصلہ کیا۔

جارج پیریز نے بتایا کہ میں نے اپنے تمام بچوں سے یہ کہہ دیا ہے کہ جس نے بھی میرے ساتھ کام کرنا ہے اسے پہلے نیویارک کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں کم از کم 5 سال کام کرنا پڑے گا اور اچھی یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنی ہوگی۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بچوں سے یہ کہا ہے کہ اگر آپ میں سے کسی کو  رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں دلچسپی نہیں ہے تو اسے اس شعبے کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے کیونکہ زندگی بہت مشکل ہے اور اگر آپ ہر روز صبح اٹھتے ہیں اور صرف پیسے کمانے کے لیے ایسا کام کرتے ہیں جو آپ کو پسند ہی نہیں ہے تو آپ کو زیادہ کامیابی نہیں مل سکے گی اور میں نہیں چاہتا تھا کہ آپ کو کمپنی میں دیکھ کر باقی ملازمین یہ محسوس کریں کہ آپ لوگ اس کمپنی میں اپنی قابلیت نہیں بلکہ اپنے والد کی وجہ سے آئے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید