معروف بھارتی مصور مقبول فدا حسین کی کئی دہائیوں بعد دوبارہ منظر عام پر آنے والی خوبصورت پینٹنگ ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوگئی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایم ایف حسین کی خوبصورت پینٹنگ (گرام یاترا) گزشتہ ہفتے نیویارک میں منعقد ہونے والی نمائش’کرسٹیز‘میں 13.8 ملین ڈالرز میں فروخت ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1954ء میں بنائی گئی 14 فٹ لمبی یہ خوبصورت پینٹنگ 13 حصّوں پر مشتمل ہے اور بھارت کی دیہی زندگی کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس پینٹنگ کو پہلی بار 1954ء میں یوکرین کے ڈاکٹر لیون الیاس وولوڈارسکی نے صرف 295 ڈالرز میں خریدا تھا وہ اس وقت عالمی ادارہ صحت کے ایک مشن پر بھارت میں تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر لیون الیاس وولوڈارسکی اس پینٹنگ کو خریدنے کے بعد بھارت سے ناروے لے گئے تھے جہاں یہ تقریباً پچاس سال تک اوسلو یونیورسٹی اسپتال کی دیواروں پر لگی رہی۔
اس شاندار پینٹنگ نے 2023ء میں نیلام ہونے والی امریتا شیر گل کی پینٹنگ’دی سٹوری ٹیلر‘ کی نیلامی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو کہ 7.4 ملین ڈالرز میں فروخت ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ مقبول فدا حسین 2011ء میں 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
اُنہوں نے اپنے فن کے ذریعے بھارت کے نئے دور کو دنیا کے سامنے پیش کیا اور اپنے ملک کے فنکاروں کے لیے ایک مثال قائم کی۔
مقبول فدا حسین نے 2006ء میں دیوتاؤں کی تصویر کشی پر انتہا پسند ہندو گروپس کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد بھارت چھوڑ دیا تھا۔