وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 100 فیصد ٹیرف عائد کر کے امریکا کو دھوکا دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف غیر منصفانہ اور امریکا کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پر بھاری ٹیرف امریکی برآمدات کو عملاً ناممکن بنا دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے امریکی دودھ کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے جبکہ جاپان نے امریکی چاول پر 700 اور کینیڈا نے امریکی مکھن اور پنیر پر 300 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کر رکھا ہے کہ آج بروز بدھ 2 اپریل سے نافذ ہونے والے جوابی ٹیرف بڑے پیمانے پر ہوں گے۔
امریکی صدر متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ 2 اپریل سے نافذ ٹیرف امریکی معیشت کے لیے اہم موڑ ثابت ہوگا۔