لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز شروع ہونے کا شدت سے انتظار ہے، ہمیں لگتا ہے کہ اس سیزن میں ہم اچھا کریں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کےلیے منتظر اور پُرجوش ہیں، پچھلے ایڈیشن میں ہم سے غلطیاں ہوئیں اب غلطیوں پر قابو پانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میچز شروع ہونے کا شدت سے انتظار ہے، ہمیں لگتا ہے کہ اس سیزن میں ہم اچھا کریں گے۔
سکندر رضا کا کہنا تھا کہ زیادہ تر کھلاڑی اکٹھے کھیل رہے ہیں اسی وجہ سے کلچر اور ماحول بڑا اچھا ہے، سب ایک فیملی کی طرح ہیں جس سے ڈریسنگ روم میں فائدہ ہوتا ہے۔ گراؤنڈ اور گراؤنڈ سے باہر اچھے کلچر کی وجہ سے بیک ٹو بیک ٹرافی جیتی ہیں۔
لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ راشد خان ہمارے لیے ایک فیملی کی طرح ہیں ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں، راشد خان کی کمی پوری نہیں کی جا سکتی، تاہم ان کی جگہ جو اسپنر لیا ہے وہ بھی باصلاحیت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ثمین رانا نے کوچز کا انتخاب اچھا کیا ہے، ہماری ٹیم میں نئے کھلاڑی بھی شامل ہوئے۔
سکندر رضا نے کہا کہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل فرنچائز کرکٹ کے بڑے برانڈز ہیں، کرکٹ فینز دونوں لیگز کی کرکٹ دیکھیں گے۔ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم کیسا کھیلتے ہیں تاکہ فینز لاہور قلندرز کے میچز کا انتظار کریں۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سب کا پرفارم کرنا ضروری ہے، فخر زمان مکمل فٹ ہیں، شاہین آفریدی بھی فٹ لگ رہے ہیں۔ فخرزمان کی واپسی خوشی کی بات ہے، دعا کریں کہ وہ فٹ رہیں۔