• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر بھارتی فلمساز کو اعتراض

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر فلم ساز اشوک پنڈت نے فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اعتراض کر دیا۔

اشوک پنڈت نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ یہ ہمارے قومی مفادات کے حوالے سے بے حسی کا معاملہ ہے اور یہ فیصلہ صورتِ حال کی سنگینی کو نظر انداز کرتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کچھ افراد کا خیال ہے کہ وہ ایسے معاملات سے بالاتر ہیں، گویا یہ مسائل ان پر اثر انداز نہیں ہوتے اور بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ آرٹ  کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن میں اس تصور کو چیلنج کرتا ہوں۔

بھارتی فلم ساز نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں نے کبھی بھارت پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت نہیں کی۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ پوری قوم کے جذبات سے بالاتر ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ اس کے نتائج سامنے آئیں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، پوری قوم اس فلم پر سخت ردعمل ظاہر کرے گی۔

اشوک پنڈت نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ فلم ریلیز ہوتے ہی بڑے پیمانے پر احتجاج ہو گا اور لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنی ناراضگی کا اظہار کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ 2019ء میں پلوامہ حملے کے بعد فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنیما ایمپلائز اور دیگر تنظیموں نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کی تھی اور واضح طور پر کہا تھا کہ کسی کو بھی پاکستانی فنکاروں یا تکنیکی ماہرین کے ساتھ اپنا کوئی پروجیکٹ ​​نہیں کرنا چاہیے اور ہر کوئی اس فیصلے کے بارے میں انتہائی سنجیدہ تھا۔

بھارتی فل مساز نے کہا کہ ہمیں اس صورتِ حال سے شدید صدمہ پہنچا ہے اور ہم نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ فیڈریشن جلد ہی ایک میٹنگ بلائے گی تاکہ مناسب لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان جلد ہی بھارت کی رومانوی فلم ’ابیر گلال‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جس کا ٹیزر ریلیز ہو چُکا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید