کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ میں ناکامیوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پیچھا نہیں چھوڑا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسراون ڈے انٹر نیشنل 43رنز سے ہار گئی۔بابر اعظم نے نصف سنچری ضرور بنائی لیکن وہ اپنی اننگز کو میچ وننگ اننگز میں تبدیل نہ کرسکے۔نیوزی لینڈ نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں پاکستان کوتین صفر سے وائٹ واش کر دیا ہے، نیوزی لینڈ کو کئی صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔پاکستان کو ٹی ٹوئینٹی سیریز میں چار ایک سے شکست ہوئی تھی۔سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے تین میچوں کو شامل کرکے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دو ماہ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے میں چھٹی شکست ہوئی ،ہفتے کو سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 265 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم پاکستان محض 221 رنز بنا سکا۔بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو42,42اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے40گیندوں پر59رنز کی اننگز کھیلی اور39رنز دے کر ایک وکٹ لی انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔بین سیئرز نے دو میچوں میں پانچ پانچ وکٹیں لیں انہیں پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 84 رنز سے جبکہ پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور اس میں بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ ماؤنٹ منگوئی میں ہونے والی بارش کے باعث میچ کے ٹاس میں تاخیر ہوئی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ٹیم نے ایک بار پھر جارحانہ کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے پر 264 رنز بنائے۔کپتان مائیکل بریسویل کے علاوہ اوپنر ریس ماریو 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔انہوں نے61گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور چھ چوکے مارے۔پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید چار وکٹیں لے کر سرفہرست رہے انہوں نے62رنز دیئے جبکہ نسیم شاہ نے54رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور فہیم اشرف اور سفیان مقیم کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔پاکستان نے جب ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق کو چہرے پر گیند لگ گئی جس کی وجہ سے انھیں میدان سے باہر جانا پڑا اور ان کی جگہ عثمان خان نے سنبھالی۔ 17ویں اوور کے اختتام تک جب پاکستان کے محض 74 رنز بن پائے تھے تو اسی اوور میں پاکستانی پلیئر عبداللہ شفیق، بین سمیر کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے اور یوں گرین شرٹس کی پہلی وکٹ گر گئی۔عبداللہ نے56گیندوں پر33رنز بنائے۔ پھر تو جیسے وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ ہی چل پڑا۔پاکستان کو دوسری وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب عثمان خان کو بریلس ویل نے آؤٹ کیا اور یوں وہ محض 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستانی بیٹربابر اعظم 50 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئےانہوں نے58گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اورچار چوکے مارے۔، محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد طیب طاہر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔طیب نے31گیندیں کھیلیں اورایک چھکا اور دو چھکے مارے۔سلمان علی آغا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ابھی 169 کا مجموعی سکور ہی ہوا تھا کہ کپتان محمد رضوان 37 رنز پرپویلین لوٹ گئے۔انہوں نے32گیندوں کا سامنا کیا۔فہیم اشرف صرف تین، نسیم شاہ 17، جبکہ عاکف جاوید محض ایک ہی رن بنا پائے اور یوں پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔فاسٹ بولر بین سیئرز نے 9اوورز میں34رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔جیکب ڈفی نے40 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ مائیکل بریسویل، محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔