کراچی(اسٹاف رپورٹر) دسویں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آغاز جمعے کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں صوفیانہ کلام،جدید موسیقی اور لیزرلائٹس شو کے تڑکے سے شان دار افتتاحی تقریب سے ہوگیا ۔ جس میں ہزاروں تماشائیوں کے جوش و خروش نے چار چاند لگادیئے ، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد جیٹ پروپلژن کا مظاہرہ کرنے والے فلائنگ مین نے پی ایس ایل 10 کی ٹرافی سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کے سپرد کی ۔ عابدہ پروین نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ گلوکار علی ظفر اور ینگ اسٹنرز کی پرفارمنس بھی شاندار رہی ۔ نتاشہ بیگ، علی ظفر، ابرارالحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل10کا ترانہ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا دلکش مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ افتتاحی تقریب نے شائقین کے دل جیت لیے، فلائنگ مین نے دھماکے دار انٹری دی۔ فضا میں رقص کرتی لیزر لائٹس دلفریب نظارہ پیش کرتی رہیں،فیملیز کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، بچے اپنے چہروں پر پاکستانی پر چم اور پسندیدہ ٹیموں کے لوگو پینٹ کراتے رہے ، سیکیورٹی اہلکاروں نے وینیو کے اطراف میں سخت حفاظتی حصار قائم رکھا، موسیقی پر شائقین بھنگڑے ڈالتے نظر آئے ۔ دریں اثنا پی ایس ایل میں ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سجے گا، معرکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا ۔ ملتان سلطانز پی ایس ایل کے آخری چار فائنلز کھیل چکی ہے جن میں 2021 میں وہ فاتح رہی تھی،کراچی نے2020 میں ایونٹ جیتا تھا ، میچ کیلئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، شائقین مرکزی گیٹ کے علاوہ 04، 05، 12، 13 اور 14 نمبر گیٹ سے اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی ۔ تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔ شائقین کیلئے اصل قومی شناختی کارڈ رکھنالازمی ہے ۔ کھانے پینے کی اشیا لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ اسٹیڈیم کے اندر اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔