کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین نے اسکاٹ لینڈ کو 6وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ میچ کی خاص بات منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی نصف سنچریاں اور کپتان فاطمہ ثنا کی 4 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جمعے کو بارش کے سبب یہ میچ 32 ۔ 32 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ نے 9 وکٹوں پر 186 رنز بنائے ،کپتان کیتھرین برائس نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 91 ، ایلزا لسٹر نے31 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنا نے 36 رنز دے کر 4 ، سعدیہ اقبال نے دو جبکہ نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی اننگز کے دوران اسکاٹ لینڈ کی ایک فیلڈر باؤنڈری کے باہر کھڑی تھیں ، اس پر امپائر نے اسکاٹ لینڈ کے اسکور سے5 رنز منہا کرلیے گئے اور پاکستان کو 182 رنز کا ہدف ملا۔ جو اس نے 30.4 میں چار وکٹوں پر پورا کرلیا۔ منیبہ علی نے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 جبکہ پلیئر آف دی میچ عالیہ ریاض نے 68 رنز ناٹ آؤٹ رنز 7 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ۔دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کوچھ رنز سے زیر کیا، ویسٹ انڈیز کے 181 کے جواب میں ناکام ٹیم 175 پر آل آئوٹ ہوگئی۔