• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم پسندیدہ کھلاڑی ہیں: ابطحہٰ مقصود

ابطحہٰ مقصود— تصویر بشکریہ جیو نیوز
ابطحہٰ مقصود— تصویر بشکریہ جیو نیوز

پاکستانی نژاد اسکاٹ لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی لیگ اسپنر ابطحہٰ مقصود کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلنا میرے لیے خاص لمحات ہیں۔

ابطحہٰ مقصود آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالیفائیر کے لیے ان دنوں اسکاٹ لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے ساتھ لاہور میں ہیں۔

25 سالہ اسکاٹش کرکٹر 8 ون ڈے اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اسکاٹ لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

ابطحہٰ مقصود نے لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والدین کا تعلق لاہور سے ہے، مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے کہ میں یہاں واپس آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد کرکٹ کے بہت بڑے فین ہیں، ان کی وجہ سے مجھے کرکٹ کا شوق ہوا، بھائی اور والد کے ساتھ ہم گھر کے گارڈن میں کرکٹ کھیلتے تھے، وہیں سی مجھے اس کھیل سے لگاؤ ہوا۔

ابطحہٰ نے کہا کہ میں نے پاکستان میں کبھی نہیں کھیلا، 8 برس کے بعد پاکستان آئی ہوں، یہاں رشتے داروں کو مل کر اچھا لگا ہے، قذافی اسٹیڈیم میں مجھے کھیلنے کا موقع ملا یہ میرے لیے ایک خاص چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے کچھ رول ماڈلز ہیں، کنگ آف اسپن شین وارن ان میں سے ایک ہیں، میں شین وارن کی ویڈیوز دیکھتی ہوں۔

ابطحہٰ نے کہا کہ اس وقت بڑا ٹارگٹ یہی ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے جس کے لیے ہم یہاں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایک اور ورلڈ کپ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ میں پاکستان کرکٹ کو دیکھتی ہوں، اس وقت میرے فیورٹ بابر اعظم ہیں، وہ شاندار بیٹر ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید