• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا جاری، ٹرین سروس معطل


پاکستان اسٹیل ملز کے بر طرف ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرین سروس معطل ہو گئی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث کراچی سے  اندرون ملک جانے اور آنیوالی ٹرین سروس معطل ہوگئی، دوپہر 12:30 سے اسٹیل مل ملازمین نے ٹریک بند کیا ہوا ہے۔

ڈی ایس ریلویز کراچی ناصر خلیلی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے باعث ٹرین کا آپریشن معطل ہے، ڈاؤن ٹریک پر ملت، گرین لائن، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ٹرین رکی ہوئی ہیں، اپ ٹریک پر رحمان بابا، علامہ اقبال ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس رکی ہوئی ہیں۔

ناصر خلیلی نے کہا کہ مظاہرین ہم سے بات نہیں کر رہے، ہم نے ضلعی انتظامیہ سے بھی بات کرنے کی کوشش کی ہے، اسٹیل مل انتظامیہ سے مذاکرات کےلیے رابطہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب صدر پاسلو عاصم بھٹی کا کہنا ہے کہ ہم سے تاحال کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ 6 ہزار ملازمین کو بحال کیا جائے، اسٹیل ٹاؤن میں بجلی گیس بحال کریں۔

ڈی سی ملیر، ایس ایس پی ملیر مظاہرین کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید