کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم ناروے اور چین میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کیلئے جمعرات28 جولائی کو کراچی سے اوسلو ناروے روانہ ہوگی۔ اسٹریٹ چلڈرن ٹیم پہلے مرحلے میں اوسلو نارے میں ہونے والے ناروے یوتھ کپ میں شرکت کرے گی جو 2 سے 12 اگست تک جاری رہے گا اس کے بعد ٹیم چین کے شہر بیجنگ جائے گی جہاں 14 سے 21 اگست تک ہونے والے بیجنگ گوتیا کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی اور 22 اگست کو ٹیم واپس وطن پہنچے گی۔ اس بات کا اظہار آزاد فائونڈیشن کے سی ای او نوید حسن خان نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہں نے بتایا کہ اس ٹور کا مقصد پاکستان میں فٹ بال کو فروغ اور سڑکوں پر رہنے اور کام کرنے والے نظرانداز بچوں کو آگے بڑھانا ہے۔ ہمارے ادارے نے کھیل کی ترقی اور بحالی کیلئے کیلئے مختلف پروجیکٹ شروع کئے ہیں اس وقت ملک کے 3 شہروں میں تقریباً 2000 بچے اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ 2014 سے اب تک 35 لڑکے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں جس میں اسٹریٹ چائلڈ اولمپک گیمز بھی شامل ہیں جس میں آزاد اسکواڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مستقبل قریب میں آزاد فائونڈیشن لڑکیوں کیلئے بھی کھیل برائے ترقی پروگرام شروع کرنے والی ہے۔ ٹیم پاکستان کی باگ ڈور آزاد فائونڈیشن سنبھالتی ہے، آزاد ایک رجسٹرڈ غیر سرکاری ادارہ ہے جو 2001 سے پاکستان میں سڑکوں پر رہنے اور کام کرنے والے نظرانداز بچوں کے حقوق کے لئے آزاد اٹھانے میں مگن ہے۔