• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اور کزن قاسم نیازی گھر روانہ




راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب سے حراست میں لی گئی بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اور کزن قاسم نیازی اپنے گھر روانہ ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا بھی علیمہ خان کی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوئے ہیں۔

موٹروے چکری انٹر چینج کے قریب سب ہی پولیس کی گاڑی سے نکل کر ذاتی گاڑی میں بیٹھے۔

پولیس حکام کے مطابق علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھیں، قاسم نیازی نے گاڑی ڈرائیو کی اور صاحبزادہ حامد رضا فرنٹ سیٹ پر بیٹھے۔

یاد رہے کہ پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو گھر جانے کی ہدایت کی لیکن انہوں نے انکار کیا اور اڈیالہ جانے پر اصرار اور بانی سے ملاقات کرانے پر زور دیا۔

پولیس حراست میں موجود بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں نے اڈیالہ روڈ پر واقع شادی ہال میں دھرنا دیا۔

بعد ازاں راولپنڈی پولیس بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو شادی ہال سے لے کر روانہ ہوگئی۔

حکام کےمطابق بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اپنے وکلا کے ہمراہ گھر جانے پر رضامند ہوگئی تھیں۔

اس سے قبل شادی ہال کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے تھے، جو نعرے بازی کرتے رہے جبکہ پولیس نے ہال کا مرکزی دروازہ بند کردیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے علیمہ خان سمیت تینوں بہنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا، شادی ہال کے باہر پارٹی قیادت موجود نہیں تھی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی بانی کی بہنوں کو حراست میں لینے کی مذمت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا اور کچھ آگے جاکر گاڑی روکی اور خواتین سے کہا کہ آپ کو تھانے نہیں لے جانا ہے اب آپ اپنے گھر جائیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور عالیہ حمزہ نے پولیس کی بات ماننے اور واپس جانے سے انکار کردیااور خواتین نے پولیس حکام سے اصرار کیا کہ آپ نے حراست میں لیا ہے تو تھانے لے جائیں۔

اس کے بعد پولیس پی ٹی آئی کی زیر حراست خواتین کو لے کر نجی شادی ہال پہنچی اور تمام خواتین پولیس وین سے اتر کر شادی ہال کے لان میں بیٹھ گئیں۔

راولپنڈی پولیس کی طرف سے اڈیالہ جیل سے ہٹائے جانے والوں میں بانی پی ٹی آئی کے ایک کزن اور اتحادی رہنما حامد رضا بھی شامل تھے۔

اس سے قبل جیل کے باہر تحریک انصاف کارکنوں اور پولیس میں تصام بھی ہوا ،کارکنوں کے پتھراؤ پر پولیس نے کئی ایک کو حراست میں لے لیا ، متعدد فرار ہوگئے ، تاہم حراست میں لیے ارکان کو بھی بعد میں رہا کردیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان کی بھی پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی ، دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہراور بیرسٹر علی ظفر سمیت 6 وکلا رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی۔

قومی خبریں سے مزید