پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز میں شامل آل راؤنڈر اسامہ میر نے 10ویں ایڈیشن میں نمایاں پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں اُسامہ میر نے کہا کہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں ان کا ٹیم کےلیے بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بھی نمایاں کردار نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کےلیے اچھی تیاریاں ہوئی ہیں، اس سے پہلے ملتان میں کیمپ تھا، اس میں بھی اچھی تیاری کی، ٹیم نے کراچی کی کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے پلاننگ کی ہے، امید ہے کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔
پچھلے 3 مسلسل فائنل ہارنے کے بعد اس بار ملتان سلطانز کو کیا مختلف کرنا ہوگا کہ وہ اس بار کامیاب ضرور ہو تو آل راؤنڈر نے کہا کہ اس بار فائنل میں آئے تو پہلی کوشش ہوگی کہ میچ آخری گیند تک نہ جائے، اس بار ٹائٹل ضرور جیتیں گے۔
ملتان سلطانز کے اسامہ میر نے مزید کہا کہ پچھلے 2 سیزن میں بڑی اچھی پرفارمنس رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی کارکردگی میں پہلے سے بہتری لانا ان کا عزم ہے، کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل 10 میں اپنے تجربے کی مدد سے ٹیم کو بولنگ سے میچز جتوائیں۔
ایک سوال پر آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سب سے اہم ٹورنامنٹ ہے، یہاں کی پرفارمنس پلیئرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے میں مدد دیتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے تو سینئرز کو بھی کم بیک کا چانس ہوتا ہے، ان کی بھی کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائے۔
اُسامہ میر نے یہ بھی کہا کہ چانس نہ ملنے پر وہ حوصلہ نہیں گراتے، ’اسپورٹس یہ ہی سکھاتا ہے کہ کبھی ہمت نہیں ہارنی اور ہمیشہ کوشش کرتے رہنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنی کمی اور غلطیوں پر قابو پاؤں اور خود کو ہر بار پہلے سے بہتر کروں، ورلڈ کپ 2023 میں اچھی پرفارمنس نہیں تھی تو اپنی بولنگ پر کام کیا اور ہر جگہ پرفارمنس دی۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ عزم یہ ہی ہے کہ ہر روز اپنی پرفارمنس اور صلاحیت میں بہتری لانے کیلئے کام کریں، اس فارمیٹ میں بولر کے پاس غلطی کی گنجائش کم ہوتی ہے۔
اپنی حکمت عملی کے حوالے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہر میچ سے قبل بیٹر کی کمزوری اور اسٹرینتھ دیکھتا ہوں اور اس کی کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں۔
اُسامہ میر نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ ورائٹی دکھانے کی بجائے ٹھیک جگہ پر بولنگ کرکے بیٹرز کو پریشان کروں۔
ایک سوال پر قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ لیگ اسپنر ٹی ٹوئنٹی میں وکٹ ٹیکنگ بولر ہوتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ٹھیک جگہ پر بولنگ کی جائے۔