• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، ڈپٹی رجسٹرار کو بغیر قانونی جواز ڈویژن بنچ ٹرانسفر نہ کرنیکا حکم

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے قائم مقام چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کے بنچ تبدیلی کے اختیارات پر سوالات اٹھاتے ہوئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں کہ ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے مطابق چیف جسٹس کا اختیار روسٹر کی منظوری جبکہ کیسز کی مارکنگ اور انہیں فکس کرنا ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کا اختیار ہے ، کسی بنچ سے کیس واپس لے کر دوسرے بنچ کے سامنے مقرر کرنے کا اختیار نہیں۔ عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو آئندہ قانونی جواز کے بغیر سنگل سے ڈویژن بنچ میں کیس ٹرانسفر کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ جب تک ہائیکورٹ رولز پر فل کورٹ مزید رائے نہ دے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل انہی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔ فیصلے میں آصف زرداری اور ٹیریان وائٹ کے کیسز کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں بنچز کی تبدیلی کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے بنچ کی اجازت کے بغیر کیسز کی منتقلی پر 12 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے توہین مذہب الزام کے تحت گرفتار ملزمان کے اہل خانہ کی جانب سے تحقیقات کیلئے کمیشن کی تشکیل کا کیس ڈویژن بنچ سے واپس سنگل بنچ کو بھجوا دیا۔