اسلام آباد (مہتاب حیدر) سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے قومی شاہراہوں، موٹرویز اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق دو طرفہ، کثیرالطرفہ اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے تحت جاری اور مکمل شدہ منصوبوں پر غور کیا، اور ٹینڈرنگ کے عمل کی تفصیلات بھی زیر بحث آئیں۔ حکام نے آگاہ کیا کہ مختلف ترقیاتی شراکت داروں کے تحت مجموعی طور پر 33منصوبے مکمل کیے گئے، جن کےلئے 9,996.20 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ ان میں سے 15منصوبے ایشیائی ترقیاتی بینک، 5 عالمی بینک، 7 چین، 3 جاپان، اور ایک ایک منصوبہ سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ، کویتی فنڈ، اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے مکمل کیے گئے۔ تاہم، اس وقت 10 منصوبے جاری ہیں جن کے لئے 1,547.03 ملین امریکی ڈالر کی مالی معاونت کا وعدہ کیا گیا ہے جن میں سے 4 منصوبے ایشیائی ترقیاتی بینک، 4 منصوبے کوریا، جبکہ ایک ایک منصوبہ عالمی بینک اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے تعاون سے جاری ہیں۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بار بار مطلوبہ تفصیلات فراہم نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان مشکل اوقات میں، جب ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے، محکمہ کی کارکردگی کو بڑھانے کی شدید ضرورت ہے۔