کراچی(اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔پیر کے روز صبح میں سائنس گروپ دہم جماعت کا انگلش (پرچہ دوم)اور شام کی شفٹ میں جنرل گروپ انگریزی (پرچہ اول)ہوا۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ جس امتحانی مراکزسے نقل اور دیگرشکایات موصول ہو رہی ہیں اس کی رپورٹ بنا کر جلد ہی دی جائے تاکہ ان سینٹرز کو بلیک لسٹ کر دیا جائے جبکہ شفاف انداز میں چلنے والے مراکز کو بورڈ کی جانب سے ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے رجحان کو ختم کرنے کیلئے اس سال بھی ہماری یہی کوشش تھی کہ نقل مافیا کو امتحانی مراکز سے دور رکھا جائے۔بورڈ کے رپورٹنگ سیل میں 93کیس جو رپورٹ ہوئے وہ درجہ ذیل ہے۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ کے حب آفیسر نے اے یواسلامیہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آبادسے9امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول وحید آباد گولیمار سے حب آفیسر نے 13امیدوار، عزیز گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی ڈیڑھ سے حب آفیسر نے 4 امیدوار،عبدالحفیظ میموریل چھتاری لانڈھی نمبر ایک سے حب آفیسر نے نقل میں ملوث 5امیدوار،سدرہ اکیڈمی سیکنڈری اسکول لانڈھی نمبر دوسے حب آفیسر نے 15 امیدوار، اینگلو اورینٹیل گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ایف بی ایریا سے حب آفیسر نے 11امیدوار،کمپری ہینسو گورنمنٹ سیکنڈری اسکول نمبر ایک عزیز آباد سے حب آفیسر نے 9امیدوار،اے ڈی ایم انگلش سیکنڈری اسکول بلدیہ ٹاؤن سے حب آفیسر نے 7امیدواروں سے نقل کا مواد اور 1امیدوار سے موبائل فون جبکہ 1امیدوار اصل امیدوار کی جگہ پکڑا گیا۔