حیدرآباد(بیورورپورٹ)حسین آباد پولیس نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کے دوران غیر ملکی پیزا اسٹورپر توڑ پھوڑ میں ملوث 9 افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حسین آباد تھانے کی حدود میں اتوار کی شب فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کے دوران آٹو بھان روڈ پر ڈنڈا بردار افراد نے احتجاج کے دوران غیر ملکی پیزا ریسٹورینٹ پر حملہ کرکے پتھراو اور توڑ پھوڑ کی تھی اور فرار ہوگئے تھے۔پیر کوایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور گرفتاری کا حکم دیا تھا، جس پرحسین آباد پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ ریسٹورنٹ منیجر محمد جنید ولد محمد حنیف پٹھان کی مدعیت میںدرج کرکے توڑ پھوڑ میں ملوث 9 ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے نشاندہی کے بعد چھاپہ مار کاروائیوں میں گرفتار کرلیا ہے۔