کراچی (اسد ابن حسن) حال ہی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے منتخب شدہ 26ڈپٹی سپرٹینڈنٹ آف پولیس جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں ان کو مختلف ڈسٹرکٹس کے ایس ایس پی دفاتر میں تعیناتیاں کر دی گئی ہیں۔ ان منتخب ڈی ایس پیز میں سے بیشتر سندھ دیہی کوٹے اور ڈومیسائل پر منتخب ہوئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل أف سندھ پولیس غلام نبی میمن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17کے ڈی ایس پیز کی بھرتی کیلئے سندھ پبلک سروس کمیشن نے امتحان لیا تھا جسکے بعد 26امیدوار جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں مذکورہ عہدے کیلئے منتخب ہو گئے۔ مذکورہ 26منتخب افراد کو ڈسٹرکٹ ایسٹ میں چار، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں چار، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تین، ڈسٹرکٹ کورنگی میں دو، ڈسٹرکٹ حیدرآباد میں پانچ، ڈسٹرکٹ سکھر میں تین، ڈسٹرکٹ کیماڑی، سٹی، خیرپور اور لاڑکانہ کے ایس ایس پیز دفاتر میں تعیناتی اور رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ مذکورہ نئے افسران کی تعیناتی اس وقت تک رہے گی جب تک وہ ٹریننگ اکیڈمی جوائن نہیں کرتے۔