ایرانی جوہری معاملے پر ایران اور امریکا کے بالواسطہ مذاکرات آج عمان میں ہو رہے ہیں۔
مذاکرات سے چند گھنٹے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں منصفانہ اور باعزت معاہدے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نیت ایک مساوی بنیاد پر منصفانہ اور باعزت معاہدے تک پہنچنا ہے، اگر دوسرا فریق بھی اسی نیت سے آئے، تو ابتدائی مفاہمت ممکن ہے جو مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مسقط میں عمانی ہم منصب بدر بن حماد البوسعیدی سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے تہران اور مسقط کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو سراہا اور خطے کے مسائل پر مسقط کے ذمے دارانہ کردار کی بھی تعریف کی۔
امریکی وفد کے ساتھ بالواسطہ جوہری مذاکرات کے سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایرانی وفد عمان میں موجود ہے۔
مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سید عباس عراقچی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو کوف کر رہے ہیں۔
عمانی وزیر خارجہ دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں ثالث کا کردار ادا کریں گے۔