پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو سینئر اداکارہ ثمن انصاری نے اپنی اصلی عمر اور ظاہری شخصیت سے متعلق بات کی ہے۔
اداکارہ ثمن انصاری نے ایک پوڈکاسٹ کو انٹرویو میں سوالات کے جواب دیے ہیں اور دلچسپ موضوعات پر کھل کر بات کی ہے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا ہےکہ جب لوگوں کو معلوم ہوتا تھا کہ میں سنگل مدر ہوں تو کئی مردوں نے شادی کے بجائے تعلقات کی پیشکش کی جنہیں میں نے سختی سے انکار کر دیا۔
ثمن انصاری نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں مردوں کی ہمت کیسے ہو جاتی ہے کسی خاتون کو غیر اخلاقی آفرز کرنے کی، خواتین کو بھی چاہیے کہ مردوں کو سخت انداز میں انکار کریں تاکہ مردوں کے ذہن میں کوئی امید باقی نہ رہے۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ میری شادی ہوئی اور 16 سال بعد میری طلاق ہو گئی، میرے شوہر نے طلاق کے فوراً بعد دوسری شادی کر لی تھی جبکہ میں نے کچھ سال محنت کی، خود کو کچھ بنایا، مضبوط کیا اور پھر میں نے دوسری شادی کی۔
ثمن انصاری کا کہنا ہے کہ میرے دوسرے شوہر میری بہت حوصلہ افزائی کرتے ہیں، گھر کا سارا خرچہ وہی دیکھتے ہیں، جو میں کماتی ہوں وہ اتنا نہیں ہوتا کہ گھر چل سکے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میں سال میں صرف ایک ہی پروجیکٹ کرتی ہوں۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران اپنے والد اور خاندان کے دیگر افراد کی میڈیا سے وابستگی پر بھی کھل کر بات کی۔
ثمن انصاری نے بتایا کہ لوگ میری اصلی عمر سُن کر حیران رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے اپنی حقیقی عمر نہ بتاتے ہوئے کہا کہ ڈراموں میں مجھے میرے والد کے دوستوں کی اہلیہ بنا دیا جاتا ہے، شوٹنگ کے دوران میرے منہ سے کئی بار انکل بھی نکل جاتا ہے، ڈرامے میں میرے بیٹے وہ اداکار ہوتے ہیں جن کی میں خود بیٹی لگ رہی ہوتی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ میرا کام ہے اداکاری کرنا، میں صرف اداکاری پر توجہ دیتی ہوں، ڈرامے میں کرداروں کا صحیح نظر آنا دوسرے ڈیپارٹمنٹ کا کام ہے، میں ان معاملات میں نہیں بولتی۔