معروف ہالی ووڈ ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی نئی فلم ’دی اوڈیسی‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں میٹ ڈیمن یونانی ہیرو اوڈیسیئس کے کردار میں نظر آ رہے ہیں، یہ فلم آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’اوپن ہائیمر‘ کے بعد نولن کا نیا منصوبہ ہے۔
فلم کی کہانی یونانی رزمیہ ہیرو اوڈیسیئس اور اس کے ساتھیوں کے اس طویل اور خطرناک سفر پر مبنی ہے، جو ٹروجن کی خونریز جنگ کے بعد اپنے وطن کی جانب واپسی کی جدوجہد کرتے ہیں، ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ تشدد، موت اور ایسے مناظر دیکھنے کے بعد جنہیں انسانی آنکھ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ان کے لیے گھر واپسی بھی کسی آزمائش سے کم نہیں۔
دو منٹ پر مشتمل اس ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ جو مصیبتیں وہ جنگ میں جھیل چکے ہیں ان سے کم تکلیف دہ ان کا آگے کا سفر بھی نہیں ہے۔
فلم میں این ہیتھ وے اوڈیسیئس کی اہلیہ پینی لوپ کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی، جبکہ ٹام ہالینڈ ان کے بیٹے ٹیلی ماکس کا کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے علاوہ زینڈایا، رابرٹ پیٹنسن اور دیگر اداکار بھی مختلف کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔
ٹریلر سامنے آتے ہی مداحوں میں جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یوٹیوب پر ایک صارف نے تبصرہ کیا ہے کہ میں اس فلم کو دیکھنے کے لیے اتنی جلدی سنیما پہنچ گیا کہ تھیٹر انتظامیہ نے مجھے باہر نکال دیا۔
ایک اور مداح نے لکھا کہ نولن ہماری نسل کے سب سے بااثر ہدایت کاروں میں سے ایک ہیں، مجھے اس فلم کا بے حد انتظار ہے۔
یہ فلم نولن کی پہلی فلم ہے جو انہوں نے اوپن ہائیمر پر بہترین ہدایت کار کا آسکر ایوارڈ جیتنے کے بعد بنائی ہے، اوپن ہائیمر میں کیلین مرفی نے ایٹم بم کے مؤجد جے رابرٹ اوپن ہائیمر کا کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ ’دی اوڈیسی‘ یونانی شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ نظم پر مبنی ہے جس میں ٹروجن کی جنگ کے بعد اوڈیسیئس کے خطرناک اور صبر آزما سفر کو بیان کیا گیا ہے، اس سفر کے دوران وہ عفریتوں، آزمائشوں اور تقدیر سے لڑتا ہے اور اپنی ذہانت اور برداشت کے سہارے آگے بڑھتا ہے۔
یہ نولن کی پہلی کوشش نہیں کہ اس داستان کو فلمی روپ دیا جا رہا ہو، اس سے قبل 1954ء میں بننے والی فلم ’یولیسز‘ میں بھی اس کہانی کو پیش کیا جا چکا ہے، جس کی ہدایت کار ماریو کامرینی تھے اور اس میں کرک ڈگلس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اسی طرح 2000ء میں کوئن برادران کی فلم ’او برادر، ویئر آرٹ تھاؤ؟‘ بھی اس کہانی سے متاثر تھی۔
فلم ’دی اوڈیسی‘ 17 جولائی 2026ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جبکہ اس کے ابتدائی اسکریننگز کے ٹکٹس پہلے ہی تیزی سے فروخت ہو رہے ہیں۔