• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس میں عاکف غنی کے شعری مجموعے کی تقریبِِ رونمائی

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے اوبرویلئیر میں ایک ادبی تنظیم کے زیرِ اہتمام مقامی شاعر عاکف غنی کے دوسرے شعری مجموعے ’خودی سے ماورا‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں پیرس میں مقیم ادب نواز پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور اور والہانہ شرکت کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

تقریب کی صدارت نامور شاعرہ، ناول نگار اور ڈرامہ نگار شاز ملک نے کی، جبکہ معروف بزنس مین اور سماجی شخصیت سردار ظہور اقبال نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز صدرِ محفل شاز ملک کے بامعنی کلمات سے ہوا، جنہوں نے ادب کی شمع روشن کرتے ہوئے کہا کہ اردو ادب ناصرف ہماری تہذیبی شناخت ہے بلکہ دیارِ غیر میں یہ ہماری فکری بقا کی علامت بھی ہے۔

کتاب کی رونمائی کے بعد پیرس کے مقامی شعراء نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جسے حاضرینِ محفل نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا، اشعار کی گونج اور سامعین کی توجہ نے محفل کو ایک خالص ادبی رنگ عطاء کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سردار ظہور اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیارِ غیر میں اردو ادب کی آبیاری اور اس کی روشنی کو برقرار رکھنے میں ادبی تنظیموں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔ 

انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی ایسے ادبی پروگراموں کی سرپرستی کرتے رہیں گے، اسی جذبۂ حوصلہ افزائی کے تحت ہم نے تقریب کے تمام اخراجات برداشت کر کے شعراء اور ادبا کی دل افزائی کی۔

اس موقع پر شاعر عاکف غنی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے دوسرے شعری مجموعے ’خودی سے ماورا‘ کی تقریبِ رونمائی پیرس کے نواحی علاقے سینٹ ڈینس میں واقع ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہونا میرے لیے باعثِ فخر ہے، یہ خوش گوار اور یادگار ادبی نشست ناقابلِ فراموش لمحہ بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور دوستوں کی شرکت نے تقریب کو وقار بخشا۔

آخر میں عاکف غنی نے پیرس میں مقیم تمام احباب، چاہنے والوں اور ادب نواز دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی محبت، توجہ اور حوصلہ افزائی نے اس ادبی سفر کو نئی توانائی عطاء کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید