بھارتی کرکٹ لیگ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں روہیت شرما نے کوچ مہیلا جےوردھنے کی بات نہیں مانی تاہم وہ اپنی ٹیم کو جیت دلانے کامیاب رہے۔
اس بات کا انکشاف سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
آئی پی ایل 2025 کے میچ میں ممبئی انڈینز نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں دہلی کیپیٹلز کو شکست دی۔
اس میچ میں دہلی کے بلے باز کرون نائر اپنی ٹیم کو جیت کےقریب لے گئے تھے، مگر ممبئی کے کرن شرما نے میچ کا رخ موڑ دیا۔
سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اس فتح کا کریڈٹ روہیت شرما کو دیا اور انکشاف کیا کہ اگر ہیڈ کوچ مہیلا جےوردھنے کی بات مانی جاتی تو ممبئی یہ میچ ہار جاتا۔
ہربھجن کا کہنا تھا کہ "روہیت شرما نے ماسٹر اسٹروک کھیلا۔ انہوں نے کوچ جے وردھنے کو کہا اسپنرز کو دوبارہ لایا جائے اور کرن شرما کو (بطور سبسٹیٹیوڈ شامل کرکے) بولنگ دی جائے۔ مگر جے وردھنے اس فیصلے سے متفق نہیں تھے۔"
انہوں نے کہا کہ اگر جےوردھنے کی بات مانی جاتی تو ممبئی انڈینز یہ میچ ہار جاتی۔ مگر روہیت شرما نے دباؤ میں ایک زبردست حکمت عملی اپنائی اور یہی کپتانی کا اصل کمال ہوتا ہے۔"
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ "کرن شرما نے آکر تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ یہ جے وردھنے کی ایک اور غلطی تھی۔ بعض اوقات کوچز کو چاہیے کہ وہ اپنی انا کو ایک طرف رکھیں اور ٹیم کے فائدے کے فیصلے کریں۔"
میچ کے 14ویں اوور میں رہیت شرما نے ڈگ آؤٹ سے اشارہ کیا کہ گیند بدلی جائے۔ بی سی سی آئی کے نئے قانون کے مطابق دوسری اننگز کے 10ویں اوور کے بعد ٹیمیں گیند بدل سکتی ہے تاکہ شبنم (dew) کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
بال تبدیلی کے بعد کرن شرما نے ٹریسٹن سٹبز اور پھر اگلے اوور میں کے ایل راہول کو آؤٹ کیا۔ ممبئی انڈینز نے اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ دہلی کے ویپراج نگم اور آشوتوش شرما نے آخری کوشش کی مگر آخری اوورز میں تین رن آؤٹس دہلی کی شکست کا سبب بنے۔