کوئٹہ(خ ن)کلی گل محمد ایئرپورٹ روڈ پر واقع بیکری کی ناقص اور فنگس زدہ مصنوعات کھانے سے 14 افراد کی طبیعت بگڑنے کے واقعہ کا بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ بیکری کو سیل کر دیا ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے و ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کی ہدایت پر بی ایف اے کی خصوصی انسپکشن ٹیم فوری طور پر مذکورہ بیکری روانہ کی گئی۔ معائنے کے دوران بیکری سے باسی اور فنگس زدہ مصنوعات برآمد ہوئیں جبکہ صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص اور اشیاء کی اسٹوریج غیر صحت بخش پائی گئی۔ مزید برآں مصنوعات پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخیں بھی درج نہیں تھیں جو کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بی ایف اے ٹیم نے بیکری سے مختلف مصنوعات کے نمونے حاصل کر کے انہیں تفصیلی تجزیئے کے لئے لیبارٹری روانہ کر دیا ، تجزیاتی رپورٹ کی بنیاد پر بیکری مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قبل ازیں انسپکشن ٹیم نے نجی ہسپتال میں زیرعلاج متاثرہ افراد جن میں دو سے چالیس سال تک کے بچے اور بڑے شامل تھے سے ملاقات کر کے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ متاثرین نے ناقص بیکری اشیاء کھانے کے بعد طبیعت بگڑنے و جسمانی کیفیت سے آگاہ کیا۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، خوراک کے نام پر زہر فروخت کرنے والے اور ذاتی فائدے کیلئے بچوں و بڑوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔