کوئٹہ(پ ر)بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے اعلیٰ تعلیمی فیکلٹی کے لئے قومی آؤٹ ریچ پروگرام کامیابی سے منعقد کیا۔پروگرام کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی تدریسی، تحقیقی، انتظامی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ تربیتی سلسلہ 14 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہے گا ۔افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر طاہر عباس زیدی پروگرام کوآرڈینیٹر اور سینئر ڈین کلینیکل سائنسز نے وائس چانسلر بی یو ایم ایچ ایس کی نمائندگی کرتے ہوئے پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان جیسے خطے میں اساتذہ کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔پروگرام میں مختلف اہم موضوعات پر سیشن شامل تھے جن میں تدریس بحیثیت پیشہ، اکیڈمک پلاننگ، رابطہ سازی کی مہارتیں، نفسیاتی فلاح و بہبود، تحقیق و ترقی، تعلیمی جانچ و تشخیص، تعلیمی نظم و نسق، ٹیکنالوجی کا تعلیمی استعمال اور مائیکرو ٹیچنگ شامل تھے۔ تقریب سے وائس چانسلرز، سینئر اساتذہ، NAHE اور HEC کے نمائندگان نے شرکت کی اور بی یو ایم ایچ ایس کی کاوشوں کو سراہا۔